اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایپل کے ویب براؤزر سفار ی میں موجود بگ نے صارفین کی نجی معلومات اور براؤزنگ ہسٹری کو لیک کے خطرے سے دوچار کر دیا ہے . انٹرنیٹ سیکیورٹی پر کام کرنے والی کمپنی ’ فنگر پرنٹ جے ایس ‘ کے مطابق ایپل براؤزر سفاری میں موجود سیکیورٹی خامی نے استعمال کنندگان کی معلومات افشا ہونے کے خطرے سے دوچار کردیا ہے .
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ خامی سفاری کے آئی او ایس 15 ورژن میں شناخت کی گئی ہے، جس کی بدولت کوئی بھی ویب سائٹ آپ کی انٹر نیٹ پر ہونے والی تمام سرگرمیوں بشمول گوگل اکاؤنٹس کی لاگ ان تفصیلات کو ٹریک کرتے ہوئے آپ کی شناخت بھی ظاہر کرسکتی ہے .
یہ بگ سفاری میں استعمال ہونے والے اے پی آئی ( ایپلی کیشن پروگرامنگ انٹرفیس) IndexedDB میں پایا گیا ہے . یہ بگ کسی بھی ویب سائٹ کو IndexedDB اے پی آئی استعمال کرتے ہوئے براؤزنگ سیشن کے دوران کسی دوسری ویب سائٹ کے بننے والے ڈیٹا بیس تک رسائی کا اہل بنا دیتی ہے .
جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ بگ استعمال کنندگان کی جانب سے دیکھی جانے والی دوسری ویب سائٹس اور ان کی نجی معلومات ( لاگ ان تفصیلات، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ نمبر، شناختی کارڈ نمبر نمبر وغیرہ) تک کو ٹریک کرلیتا ہے . اور ہیکر استعمال کنندگان کی ان معلومات کو غلط مقاصد میں استعمال کر سکتے ہیں .
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سفاری کے پرائیوٹ براؤزنگ موڈ میں بھی اس بگ سے محفوظ نہیں رہا جاسکتا . یہ بگ ایپل اوپن سورس براؤزر انجن ویب کٹ استعمال کرنے والے سفاری کے نئے ورژن کو زیادہ متاثر کر رہا ہے . ایپل کی جن ڈیوائسز میں یہ سیکیورٹٰی خامی پائی گئی ہے اس میں ایپل میک، آئی او ایس 15، اٗئی پیڈ، او ایس 15 اور یہاں تک کے گوگل کروم جیسا تھرڈ پارٹی براؤزر کروم بھی شامل ہے .