کوئٹہ، چمن سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی، افغان طالبان کی دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد ہلاک
پاک فوج نے موثر اور بھرپور جواب دیتے ہوئے جارحیت میں استعمال ہونے والی متعدد پوسٹوں کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی ذرائع

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)چمن سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کی حدود میں جارحیت کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور منہ توڑ جوابی کارروائی کرتے ہوئے مکمل طور پر ناکام بنا دی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کامیاب کارروائی کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ جارحیت کے لیے استعمال کی جانے والی متعدد پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیز فائرنگ کا پاک فوج نے نہایت مثر اور بھرپور جواب دیا۔ اس کارروائی کے دوران دشمن کی متعدد پوسٹوں کو کواڈ کاپٹر اور مارٹر فائر کے ذریعے براہ راست نشانہ بنایا گیا، جس سے ان کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے اور دراندازی کا منصوبہ دھرے کا دھرا رہ گیا۔ذرائع نے واضح کیا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کی حدود میں ہونے والی کسی بھی قسم کی دراندازی کا بھرپور، بروقت اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے سیکیورٹی فورسز ہمہ وقت پوری طرح تیار ہیں۔ اس وقت بھی چمن سیکٹر میں مجموعی صورتحال پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کڑی اور مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
