آپ جعلی حکومت کے وزراء کی چیخیں سن رہے ہیں؟ آپ کو پتا لگ گیا ہوگا کہ ہم نے لانگ مارچ میں کیوں تاخیر کی؟ سہیل آفریدی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اب 4 اکتوبر بروز اتوار کو پشاور سے روانہ ہوگا۔ انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری سیاسی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی ہے، سیاسی کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اب 4 اکتوبر بروز اتوار کو پشاور سے روانہ ہوگا۔

سہیل آفریدی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 27 مارچ والا لفظ مجھے لاکر دکھاؤ ، تاکہ میں یہاں سے اٹھ جاؤں ، میں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ ہوگا اور ہر صورت ہوگا ،وہ 4 اکتوبر ہوگا، سرنڈر بندہ تب کرتا ہے جب آپ کہیں کہ ہم لانگ مارچ کو کینسل کررہے ہیں اور آ نہیں رہے۔
یہ ہماری سیاسی حکمت عملی ہے، جو آپ اس وقت چیخیں سن رہے ہیں تو آپ کو پتا لگ گیا ہوگا کہ ہم کیوں تاخیر کررہے ہیں ، یہ جو رونا دھونا ہے، جعلی مسترد شدہ حکومت، ان کے وزراء اور ان کے جو ٹاؤٹس صحافی ہیں، وہ چیخیں مار رہے ہیں ، اس سے آپ لوگوں کو پتا چل گیا ہوگا کہ کتنی بڑی حکمت عملی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ میں ایک بار پھر واضح کرتا ہوں کہ یہ جو لوگ ایک ایجنڈے پر آئے ہیں یہ پاکستان کو توڑنا چاہتے ہے ۔ ن لیگ پنجاب پولیس بن گئی ہے، ان کے مزے ہیں، انہوں نے پاکستان اور عوام کا نہیں سوچنا، یہ چاہتے ہیں کہ انتشار ہو، ن لیگ کی شر میں خیر ہوتی ہے، یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں شر ہو، ہم ملک لوٹتے رہیں اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔
لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، اگر کوئی سازش کرتا ہے کہ پاکستان کو توڑیں، تو ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ یہ بدزبانی کرکے انتشار پھیلانے کی کوشش کریں گے لیکن ہم ان کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔میں پہلے سے بتا دوں ان کا ایک اور پلان ہے، ن لیگ کے وزراء مسلسل دہشتگردوں والا بیانیہ بنا رہے ہیں ، ان کا پلان ہے کہ ہماری صفوں میں اپنے بندے گھسائیں گے، یہ ان کے جو گڈ ہیں جو ہمارے لئے ابھی بیڈ بنے ہوئے ہیں، ان کا ارادہ یہی ہے۔
لیکن ہم پرامن رہیں گے۔ جن کے بدن پر وردی ہو گی، ہم اُن کی عزت کرینگے، وہ غیر قانونی و غیر آئینی کام کرینگے تو ہم اُنہیں زبان سے بھی روکیں گے، بول کر بھی روکیں گے، گلے لگا کر بھی روکیں گے، ہم اُن کیخلاف نہ ڈنڈا اُٹھائیں گے، نہ پتھر نہ ڈنڈا، ہم اُنہیں اُن کی ڈیوٹی کی یاد دلائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert