سیف سٹی کیمرے کو نقصان پہنچانے والا 20 لاکھ جرمانہ ادا کرے گا، قانون منظور

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صدر آصف زرداری نے اسلام آباد سیف سٹی آرڈیننس کی منظوری دے دی، سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانے پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے۔
آرڈیننس کے مطابق سیف سٹی کیمروں یا انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانے، نقصان کے لیے اکسانے یا ترغیب دینے پر مالی جرمانہ ہوگا، اور نقصان پہنچانے پر فی کیمرا 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکے گا۔
جلسے، جلوس، دھرنے، احتجاج یا ہڑتال میں نقصان کی صورت میں منتظمین بھی ذمہ دار قرار دیے جا سکیں گے، جب کہ نقصان کی لاگت کا تعین مجاز افسر فریقین کو شنوائی کا موقع دینے کے بعد کرے گا۔
فیصلے کے خلاف 30 دن کے اندر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کے سامنے اپیل کا حق حاصل ہوگا، جرمانے یا نقصان کی رقم ادا نہ کرنے پر رقم لینڈ ریونیو کے طور پر وصول کی جائے گی۔
جرمانے اور نقصان کی مد میں وصول ہونے والی رقم سیف سٹی کیمروں کی مرمت اور تبدیلی پر خرچ ہوگی۔
