کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے میاں داؤد ایڈووکیٹ کیخلاف این سی سی آئی اے میں درخواست دائر کردی
درخواست میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز، ہتک آمیز اور نجی و ازدواجی زندگی سے متعلق مواد نشر کرنے کا الزام، میاں داؤد کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اعوان نے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف توہین آمیز مواد اور نجی و ازدواجی زندگی پر حملوں کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد میں وکیل میاں داؤد کے خلاف درخواست دائر کردی۔
اطلاعات کے مطابق سائبر کرائم ایجنسی کو دائر کی گئی درخواست میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ میاں داؤد ایڈووکیٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایکس اور فیس بک کے ذریعے ایک ویڈیو جاری کی جس میں ان کے خلاف انتہائی نازیبا، ہتک آمیز اور تذلیل پر مبنی زبان استعمال کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ میاں داؤد نے غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے نکاح نامے اور نجی و ازدواجی زندگی سے متعلق من گھڑت اور گمراہ کن سوالات اٹھا کر ان کی شخصیت اور عزت کو مجروح کرنے کی کوشش کی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے شوہر اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر نے صحافی و وکیل میاں داؤد کے خلاف NCCIA اسلام آباد میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں سوشل میڈیا پر توہین آمیز، ہتک آمیز اور نجی و ازدواجی زندگی سے متعلق مواد نشر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم تاحال… pic.twitter.com/hT9TWuYlhl
— Asad Younis Tanoli (@tanolipak) September 26, 2026
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان بار کونسل کے رکن احسن بھون کی ایل ایل بی کی ڈگری پر سوال اٹھایا تھا، جس کے ردِعمل میں میاں داؤد نے معاملے پر قانونی گفتگو کرنے کی بجائے ان کی ذات پر شدید شخصی اور توہین آمیز حملہ کر دیا۔
درخواست میں سائبر کرائم ایجنسی این سی سی آئی اے سے استدعا کی گئی ہے کہ پیکا ایکٹ کے تحت الیکٹرانک شواہد، میٹا ڈیٹا اور ویڈیو کا فوری تحفظ کیا جائے، متعلقہ اکاؤنٹس کی ملکیت کی تصدیق کی جائے اور نجی زندگی پر حملے، آن لائن ہراسانی اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی پاداش میں میاں داؤد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
