پی ٹی آئی کی بڑی ناکامی کہ مقبول ترین جماعت پھر بھی بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کو گرا نہیں پا رہی ، مظہرعباس
حکومت کی کامیابی کہ عمران خان جیل میں، میڈیا اور جوڈیشری کنٹرولڈ ہیں، پی ٹی آئی کو منظم تحریک چلانی ہوگی تاکہ حکومت ہِل جائے اور مذاکرات پر آجائے، تجزیہ کار مظہرعباس

لاہور(قدرت روزنامہ)تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی بڑی ناکامی کہ مقبول ترین جماعت پھر بھی بیساکھیوں پر کھڑی حکومت کو گرا نہیں پارہی، حکومت کی کامیابی کہ عمران خان جیل میں ، میڈیا اور جوڈیشری کنٹرولڈ ہیں۔ جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی بڑی ناکامی یہ ہے کہ ایک ایسی حکومت کو بیساکھیوں پر کھڑی ہے، جس کو فارم 47کی حکومت کہا جاتا ہے، ایک ایسی حکومت جس کے بارے میں ان کی پارٹی کے لوگ کہتے ہیں کہ حکومت موجود ہے لیکن پارٹی موجود نہیں ہے، پی ٹی آئی ساڑھے تین سالوں سے ایسی حکومت کو گرا ہی نہیں پائی۔
آپ کی کوئی تحریک چل ہی نہیں پارہی، تحریک صرف دھرنے دینے کا نام نہیں ہوتی۔
تحریک ایک پورا لائحہ عمل ہوتا ہے، تحریک ایک جگہ سے نہیں بلکہ پورے ملک میں چلتی ہے ، حکومت فاشسٹ ہے یا بیساکھیوں پر کھڑی لیکن وہ حکومت کررہے ہیں۔اب اگر کنٹینرز کی وجہ سے 2 ارب کا نقصان ہوتا ہے تو حکومت کی بلا سے ہوتا رہے، لیکن پی ٹی آئی حکومت کی بیساکھیوں کو نہیں گرا پارہی۔
پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے لیکن ایک منظم تحریک نہیں چلا پارہی۔ پی ٹی آئی اپنے لیڈر کو جیل سے رہا نہیں کروا پار ہے، لیکن ہم کہتے ہیں حکومت ناکام ہے، اگر دیکھا جائے تو حکومت کامیاب ہے، عمران خان کو ساڑھے تین سال سے جیل میں رکھا ہوا، میڈیا کو کنٹرول کیا ہوا ہے، جوڈیشری کو کنٹرول کیا ہوا ہے، اس سے بڑی کسی حکومت کی کامیابی کیا ہوسکتی ہے؟لیکن جن کے پاس گراؤنڈ موجود ہے وہ اس کو استعمال نہیں کرپا رہی۔
اس وقت دو جماعتیں مارچ کی کال دے رہی ہیں، پی ٹی آئی اس وقت تحریک نہیں چلا پارہی۔ جتنے لوگوں نے ووٹ دیئے تھے اتنے لوگ سڑکوں پر نظر نہیں آرہے۔ پی ٹی آئی نے 26نومبر کے بعد اگلے دن ملک گیر احتجاج کی کال کیوں نہیں دی؟ جب گولی چلی تھی تو خیبرپختونخواہ اگلے روز کیوں بند نہیں کیا گیا؟
