کوئٹہ: مشرقی بائی پاس سبی شاہراہ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا افتتاح، ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا، حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی ترقی، خوشحالی اور ان کی طرز زندگی میں بہتری ہے۔ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی، بلوچستان میں ترقی کے راستے کھلے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشرقی بائی پاس سبی شاہراہ کی تعمیر اور توسیع کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمانڈر ملا عبید اللہ بڑیچ، حاجی محمد گل شاہوانی، ٹکری حمید بنگلزئی، حاجی نور محمد رخشانی، انور مینگل، ڈاکٹر راشد قریشی اور دیگر بھی موجود تھے۔

حاجی علی مدد جتک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں عوامی مینڈیٹ سے نوازا ہے، ہم اس کی قدر کرتے ہیں اور علاقے میں بنیادی مسائل کے حل کے لیے ترجیحی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ مشرقی بائی پاس توسیع و تعمیر کے منصوبوں پر ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت آ رہی ہے۔ ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مشکور ہیں جنہوں نے اس منصوبے کے لیے ہماری معاونت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس امر کا اعادہ کر چکے ہیں کہ ہم نے اپنے نوجوانوں سے بندوق لے کر ان کو قلم تھمانا ہے۔ کسی بھی معاشرے کی تشکیل میں امن، محبت اور بھائی چارہ بنیادی ستون ہوتا ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں میں بد امنی اور انتشار پھیلانے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان میں امن و استحکام کا جو خواب ہم سب نے دیکھا ہے، اسے شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔
