سہیل آفریدی لانگ مارچ نہ لائے تو عدم اعتماد لے آئیں، عمران خان کے پیغام کا دعویٰ


راولپنڈی (قدرت روزنامہ) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی کی کارکردگی اور اسلام آباد مارچ کے معاملے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی بہن نورین نیازی کے ذریعے کے پی حکومت کی تبدیلی اور تحریکِ عدم اعتماد لانے سے متعلق پیغام کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
بحوالہ ذرائع نعیم اشرف بٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنی بہن نورین نیازی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے رویے پر کہا کہ سہیل آفریدی نے میرے لیے کچھ نہیں کیا، میں نے تو پہلے بھی وکیل کے ذریعے پیغام بھیجا تھا کہ وہ وزارتِ اعلیٰ چھوڑ دیں۔

اس موقع پر جب نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا کہ سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی یہ نشاندہی بھی کی کہ صوبائی اسمبلی میں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا ایک گروپ ہے جس کے تقریباً 35 ایم پی ایز سہیل آفریدی کے خلاف ہیں تو عمران خان نے واضح اور سخت ترین مؤقف اپنایا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ عمران خان نے ہدایت کی کہ اگر سہیل آفریدی 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ لے کر نہیں نکلتے تو ان کے خلاف فوری طور پر عدم اعتماد کی تحریک لے آئیں، علی امین کو بھی یہی پیغام دیں کہ مارچ نہ آنے کی صورت میں سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد لائی جائے۔

ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ عمران خان کی بہن نورین نیازی کا یہ پیغام جیسے ہی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی تک پہنچا تو انہوں نے حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے مارچ اور احتجاج کے پروگرام میں فوری اور اچانک تبدیلی کی جب کہ خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اس تمام صورتِ حال میں وفاقی حکومت کے ایک اہم وفاقی وزیر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کے درمیان مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کے لیے باقاعدہ بات چیت جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert