عمران خان نے کبھی سہیل آفریدی کے خلاف کوئی پیغام نہیں بھیجا، بیرسٹر گوہر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی کو عہدے سے ہٹانے اور ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کر دی اور واضح کیا ہے کہ عمران خان نے کبھی بھی سہیل آفریدی کے خلاف کوئی پیغام نہیں بھیجا۔
میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے مؤقف میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی کے خلاف نہ تو کوئی پیغام اپنی بہن یا کسی وکیل کے ذریعے بھیجا ہے اور نہ ہی انہیں وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے یا تبدیل کرنے کی کوئی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے ایسی تمام خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نازک اور حساس سیاسی صورتِ حال میں اس نوعیت کی من گھڑت خبریں چلانا انتہائی نامناسب طرزِ عمل اور سازش ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مکمل، غیر متزلزل اور پختہ اعتماد حاصل ہے اور پورے صوبے سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور تمام ارکانِ اسمبلی ان کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور قیادت بالکل متحد ہے اور اس میں کسی بھی قسم کے اختلافات کا وجود نہیں، تمام متعلقہ فریقین اور ذمہ داروں کو یہ بات اچھی طرح سمجھنی ہوگی کہ یہ وقت حالات کو مزید خراب یا کشیدہ کرنے کا ہرگز نہیں ہے، اس وقت سب کو مل کر ایسی کوششیں کرنی چاہئیں جس سے ملک کے سیاسی و معاشی حالات بہتری کی طرف گامزن ہو سکیں، پارٹی قیادت کی جانب سے حالات کو مزید بگڑنے سے بچانے اور درپیش سیکیورٹی و آئینی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مثبت کوششیں کی جا رہی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert