ایک دن میں ایک کروڑ روپے خرچ! ڈکی بھائی اور عروب جتوئی پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اپنے ایک نئے ویلاگ کے باعث صارفین کے شدید عتاب اور تنقید کا نشانہ بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیوبر کی اہلیہ عروب جتوئی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک منی وی لاگ شیئر کیا جس میں انہوں نے ایک دن میں ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کا انوکھا چیلنج پورا کرنے کی کوشش کی، ویڈیو کے آغاز میں عروب جتوئی نے اپنے فالوورز کو بتایا کہ وہ آج ایک دن میں ایک کروڑ روپے کا بجٹ ختم کریں گی، اپنے اس چیلنج کے دوران انہوں نے سب سے پہلے ایک مہنگے ترین ریسٹورنٹ میں 50 ہزار روپے کا کھانا کھایا، جس کے بعد 10 لاکھ روپے کی مالیت کا نیا آئی فون خریدا۔
چیلنج کے اگلے مرحلے میں عروب جتوئی نے سونے کو بہترین سرمایہ کاری قرار دیتے ہوئے ایک جیولری شاپ کا رخ کیا، جہاں انہوں نے سونے کے قیمتی سیٹ اور چوڑیاں خریدیں جس پر ان کے بجٹ کا بڑا حصہ خرچ ہوگیا، ویڈیو میں انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جیولرز نے انہیں سونے کا ایک سیٹ تحفے میں بھی دیا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین کا شدید ردِعمل سامنے آیا اور بڑی تعداد نے ایک ہی دن میں اتنی بھاری رقم خرچ کرنے کی سرِعام نمائش پر شدید تنقید کا اظہار کیا۔

کئی صارفین نے معاشی بحران سے ہلاکت خیز حد تک متاثرہ عوام کی حالتِ زار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب عام شہری بنیادی ضروریاتِ زندگی اور روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، تو ایسے میں کروڑوں روپے کی شاپنگ کی ویڈیوز بنانا اور شو آف کرنا ناانصافی اور بے حسی ہے۔

جب کہ کچھ صارفین نے حالیہ ایف آئی اے تحقیقات اور ڈکی بھائی کے ذرائعِ آمدن کا حوالہ دیتے ہوئے بھی شدید سوالات اٹھائے۔
پہلے ڈکی بھائی کتنے تفتیشی کھاگیا تھا اس لئے اب ادارے سوچ سمجھ کے ہی ہاتھ ڈال سکتے ہیں https://t.co/EG20jnMJQT
— Shahid Aslam (@ShahidAslam87) September 26, 2026
یاد رہے کہ ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کا شمار پاکستان کے ٹاپ ڈیجیٹل کریئیٹرز میں ہوتا ہے جن کے یوٹیوب پر ایک کروڑ سے زائد سبسکرائبرز ہیں، تاہم ان کا یہ ایک کروڑ روپے کا شاپنگ چیلنج اب ڈیجیٹل کریئیٹرز کی اخلاقی حد بندیوں اور شو آف کی پالیسی پر ایک نئی بحث کا روپ دھار چکا ہے۔
