بلال یاسین پر فائرنگ کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت
لاہور (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے ماسٹر مائنڈ کی دبئی میں گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ جاری کردیے گئے، قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد میاں وکی کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے ماسٹرمائنڈ کی گرفتاری کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم میاں وکی کو دبئی سے گرفتار کرنے کیلئے کاروائی شروع کردی گئی ہے۔
بلال یاسین پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری کیلئے وزارت خارجہ نے دبئی کی وزارت خارجہ کو ریڈ وارنٹ بھجوائے، دبئی کی وزارت خارجہ کو ماسٹر مائنڈ میاں وکی کے ریڈ وارنٹ موصول ہوگئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے دبئی میں قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں جس کے بعد ماسٹر مائنڈ میاں وکی کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔ خیال رہے شاہدرہ سے گرفتار ہونے والے دونوں شوٹرز کے بیانات اور دیگر ذرائع سے موصول اطلاعات پر میاں وکی کو مرکزی ملزم قراردیا گیا، جس پر تفتیشی افسر نے بھی میاں وکی کو ضمنی میں مرکزی ملزم لکھا ہے۔
دوسری جانب مقامی عدالت نے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر حملہ کیس میں گرفتار 3 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے رکن اسمبلی بلال یاسین پر حملہ کیس میں گرفتار ملزمان ساجد، عمر اور فخرعالم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے مو قف اپنایا کہ تینوں کو بے بنیاد الزام میں ملوث کیا گیا، اسلحہ فراہمی سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔اسلحہ قانون کے مطابق فروخت کیا گیا جس کے لیے پولیس تفتیش مکمل کر چکی ہے ، استدعا ہے تینوں کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ عدالت نے تینوں ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت منظور کی۔