کوئٹہ کے عوام پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم اور نکاسی آب جیسی بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہیں، حکومتی دعوے صرف کاغذی ثابت ہوئے: پشتونخواملی عوامی پارٹی
کیسکو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کا رویہ کھلی عوام دشمنی ہے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگیاں عذاب بنا دیں

سڑکوں کی خستہ حالی اور تعمیراتی کاموں میں سست روی ناقابلِ برداشت ہے، کارکنان عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان میں نکلیں: ضلعی اجلاس میں کڑی تنقید
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئرنائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اقبال خان بٹے زئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تنظیمی سیاسی صورتحال ، ضلع کوئٹہ کے تحصیلوں کے کانفرنسز کو زیر غور لایا گیا اور اس حوالے سے ضلع ایگزیکٹیوز کا دوسرا اجلاس 30ستمبر بروز بدھ سہہ پہر 3بجے طلب کرلیا گیا ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کوئٹہ کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے پارٹی کارکنوں کو دن رات محنت کرنی ہوگی عوام متعدد بنیادی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں جن میں صاف پانی کی فراہمی، بجلی اور گیس کی قلت، ٹریفک کا دباؤ، سڑکوں کی خستہ حالی، صفائی ستھرائی، نکاسی آب، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی کمی جیسے مسائل نمایاں ہیں۔ ان مسائل کے باعث عام شہری کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی عذاب میں مبتلا کردی ہے ، موسم بدلنے کے باوجود گیس اور بجلی کی جاری لوڈشیڈنگ کیسکو او ر سوئی سدرن گیس کمپنی کی عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ شہر میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی ایک اہم مسئلہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پانی کے موجودہ ذرائع کو محفوظ بنایا جائے، نئی اسکیمیں شروع کی جائیں اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح بجلی اور گیس کی فراہمی میں بہتری، غیر ضروری لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر نظام قائم کیا جانا چاہیے۔اجلاس میں کہا گیا کہ کوئٹہ کی سڑکوں، گلیوں اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری بھی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ کی مناسب سہولیات اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت ضروری ہے۔ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے مستقل اور مؤثر انتظامات کیے جائیں۔اسی طرح مختلف سڑکوں کی تعمیرکی سست روی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جلد از جلد معیاری تعمیر پر زور دیا گیا ۔ اجلاس میں ضلع ایگزیکٹیوز کے تمام اراکین کو 30ستمبر کے اجلاس میں بروقت شرکت کی سختی سے ہدایت کی گئی ۔
