یکم جولائی 2027 سے ملک بھر میں یکساں گیس ٹیرف نافذ کرنے کا منصوبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پٹرولیم ڈویژن نے یکم جولائی 2027 سے ملک بھر میں یکساں گیس ٹیرف نافذ کرنے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے منظوری لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مجوزہ اصلاحات کے تحت حکومت کو موجودہ کراس سبسڈی نظام ختم کرنا ہوگا، جبکہ کم آمدنی والے گھرانوں کو ہدفی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے تقریباً 162 ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔
مجوزہ اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان میں رائج 12 درجوں پر مشتمل گیس ٹیرف کا نظام بھی ختم کردیا جائے گا۔ موجودہ نظام کے تحت صارفین کو ماہانہ گیس کے استعمال کی مقدار کے حساب سے مختلف نرخ ادا کرنا پڑتے ہیں۔
اس کے بجائے تمام صارفین کے مختلف زمروں کو مرحلہ وار تقریباً 1,708 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے یکساں اوسط گیس ٹیرف کی جانب منتقل کیا جائے گا۔
مجوزہ اصلاحات کا مقصد موجودہ کراس سبسڈی کے طریقہ کار کو ختم کرکے کم آمدنی والے صارفین کے لیے ہدفی مالی معاونت کا نظام متعارف کرانا اور ملک بھر میں گیس کی قیمتوں کے ڈھانچے کو زیادہ یکساں بنانا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے اس مجوزہ نظام پر آئی ایم ایف سے منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی، جس کے بعد یکساں گیس ٹیرف کے نفاذ کے لیے آئندہ اقدامات کیے جائیں گے۔
