محمد آصف کی بائولنگ سے گُر سیکھے ،جیمز اینڈرسن کا اعتراف

لندن (قدرت روزنامہ) انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف سے بائولنگ کے گُر سیکھنے کا اعتراف کیا ہے۔ جیمز اینڈرسن نے کہا کہ 2010ء کی سیریز میں محمد آصف کی بائولنگ دیکھ کر ان کے انداز کو اپنایا۔ برطانوی فاسٹ بائولر نے کہا کہ مجھے بائولنگ کوچ ڈیوڈ سیکر نے کہا کہ کوکا بورا گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہوتا اس لیےکچھ نیا سیکھیں، آصف جس انداز میں گیند کر رہے تھے اس سے گیند سوئنگ بلکہ سیم ہوتی تھی ۔

39 سالہ جیمز اینڈرسن نے کہا کہ محمد آصف کی بائولنگ دیکھنے کے بعد میں نے پورا سیزن اس طرح سے ہی پریکٹس کی جبکہ میں نے 11-2010ء کی ایشیز سیریز کے میچز میں بھی اس انداز سے بولنگ کی جس کا مجھے کافی فائدہ ہوا۔

واضح رہے کہ محمد آصف کی بہت سے لوگوں نے تعریف کی لیکن 2010ء میں بدنام زمانہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ان کے کردار کی وجہ سے ان پر بین الاقوامی کرکٹ سے پابندی عائد ہونے کے بعد ان کا کیرئیر ختم ہوگیا، انہوں نے 23 ٹیسٹ، 38 ون ڈے اور 11 ٹی ٹونٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 165 وکٹیں حاصل کیں ۔