صدر زرداری سے محسن نقوی کی اہم ملاقات؛ سیاسی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال
صدر زرداری سے ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو رہیں، ذرائع کے مطابق صدر نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے معاملے پر اپنے مؤقف سے ہٹنے کو تیار نہیں؛ عاصمہ شیرازی کی خبر

کراچی(قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلاول ہاؤس کراچی میں اہم اور تفصیلی ملاقات کی ہے، جس کے دوران ملکی سیاسی و سکیورٹی صورتِ حال اور نئے صوبوں کے قیام جیسے حساس آئینی معاملا ت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی اس اعلیٰ سطح کی اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتِ حال اور آئینی ترمیم سے متعلق امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اہم خبر!
صدر زرداری سے ملاقاتیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو رہیں ، ذرائع کے مطابق صدر نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے معاملے پر اپنے موقف سے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں اور اتفاق رائے سے فیصلوں کا مشورہ دے رہے ہیں۔ #نئے_صوبے— Asma Shirazi (@asmashirazi) September 29, 2026
دوسری طرف سینئر صحافی اور اینکر پرسن عاصمہ شیرازی کی خبر ہے کہ طاقتور حلقوں اور حکومتی شخصیات کی صدر زرداری سے نئے انتظامی یونٹس اور آئینی ترامیم کے حوالے سے ہونے والی ملاقاتیں فی الحال نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو پا رہی ہیں۔
انہوں نے بحوالہ ذرائع بتایا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے حساس معاملے پر اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں اور انہوں نے واضح کیا ہے کہ آئینی و صوبائی جغرافیائی تبدیلیوں جیسے بڑے فیصلے یکطرفہ دباؤ کے بجائے تمام سیاسی فریقین کی باہمی مشاورت اور مکمل اتفاقِ رائے سے ہی کیے جانے چاہئیں۔
