ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت ملک بھر میں بجلی صارفین کے لیے مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے اگست کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی ہے۔
درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں آج سماعت ہو رہی ہے۔ نیپرا کی جانب سے درخواست منظور ہونے کی صورت میں اضافی رقم ملک کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) کے صارفین سے وصول کی جائے گی، جس میں کے الیکٹرک کے صارفین بھی شامل ہوں گے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اگست میں ڈسکوز کو مجموعی طور پر 14.464 ارب یونٹ بجلی فراہم کی گئی، جبکہ اس دوران بجلی کی اوسط فیول لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔
اگست میں بجلی کی پیداوار میں سب سے بڑا حصہ پن بجلی کا رہا، جس سے مجموعی پیداوار کا 37.4 فیصد حاصل ہوا۔ مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 10.86 فیصد، درآمدی کوئلے کا 7.04 فیصد، درآمدی ایل این جی کا 8.48 فیصد جبکہ فرنس آئل سے پیداوار کا حصہ 2.15 فیصد رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست میں فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 45 روپے 25 پیسے فی یونٹ جبکہ درآمدی ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 45 روپے 92 پیسے فی یونٹ رہی۔
نیپرا درخواست اور فراہم کردہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد اپنا فیصلہ جاری کرے گا، جس کے بعد صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کی حتمی رقم کا تعین ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert