پی ٹی آئی کا صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے. بیرسٹر گوہر
اسمبلی کو تحلیل کرنے اور سہیل آفریدی کے متبادل کی تلاش سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں. چیئرمین تحریک انصاف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کو کسی صورت نااہل نہیں کیا جا سکتا، سہیل آفریدی کا متبادل لانے کے لیے کوئی مشاورت نہیں ہوئی.
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسمبلی کو تحلیل کرنے اور سہیل کے متبادل کی تلاش سے متعلق خبریں من گھڑت ہیں انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کا فیصلہ برقرار ہے واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 4 اکتوبر لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے.
یاد رہے کہ قبل ازیں تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر کو خط لکھ کر ملک کے وسیع تر مفاد میں لانگ مارچ فوری ملتوی کرنے کا کہا تھا خط کے مندرجات کے مطابق شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بیرونی خطرات اور دہشت گردی میں اضافے کے پیش نظر احتجاج ملتوی کیا جائے، وفاقی حکومت کچھ ایشوز کو بنیاد بنا کر ایمرجنسی نافذ کرنا چاہتی ہے.
ان کا کہنا ہے کہ ریاست سے ٹکراﺅ کے بجائے مذاکرات کی راہ ہموار کی جائے، افغانستان سے ممکنہ حملہ ایمرجنسی کا جواز بن سکتا ہے، وفاقی حکومت کے پی حکومت پر تعاون نہ کرنے کا بیانیہ بنا رہی ہے شوکت یوسفزئی نے خط میں کہا کہ صوبائی حکومت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے، دہشت گردی کو سپورٹ کرنے کا الزام لگا کر پارٹی پر پابندی لگ سکتی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بھی ماضی میں ورکرز کی جانوں کے تحفظ کے لیے لانگ مارچ ختم کیا تھا، میری گزارشات کو سنجیدگی سے لیا جائے.
