سمجھ سے باہر ہے حکومت آخر لانگ مارچ پر پی ٹی آئی کو کیوں مجبور کر رہی ہے؟ فواد چوہدری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وزیر سیاسی رہنماء فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سمجھ سے باہر ہے حکومت آخر لانگ مارچ پر پی ٹی آئی کو کیوں مجبور کر رہی ہے؟ تحریک انصاف نے جو شرائط رکھی ہیں ان کو پورا کرنا بالکل بھی کوئی ایشو نہیں۔ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سمجھ سے ہی باہر ہے حکومت آخر لانگ مارچ پر کیوں مجبور کر رہی ہے ، تحریک انصاف نے جو شرائط رکھی ہیں وہ اتنی بے ضرر ہیں کہ ان کو پورا کرنا بالکل بھی کوئی ایشو نہیں ہے، عمران خان اور سیاسی قیدیوں کا علاج اور ان تک رسائی کون سا ایسا مطالبہ ہے جو پورا نہیں ہو سکتا؟ اگر سہیل آفریدی اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کی بات کرتا تو پھر کوئی ضد کی بات بھی تھی۔
حالات تو صریحاً حکومت ہی خراب کر رہی ہے۔
سیاسی پارہ اوپر جانے سے معیشت اور سیکیورٹی کو شدید نقصان ہوگا، یہ بات حکومت کی سمجھ میں کیوں نہیں آ رہی؟

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ کے پی میں انتہائی اقدامات سے گریز کیا جائے گا کیونکہ ایسے اقدامات settled areas کو بھی آگ اور خون کا میدان بنا دیں گے جس سے ابھی یہ علاقے محفوظ ہیں، مایوسی انفرادی انسانوں کیلئے ہی نہیں معاشروں کیلئے اس سے زیادہ کن ہے۔
۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں ایک دوسرے کو سپیس دیں ملک کو اس سے بڑے انٹحان میں ڈالنا حماقت ہو گی۔
یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا ہے کہ گورنر راج یا ایمرجنسی لگائی گئی تو ہم بھرپور مزاحمت کریں گے، دہشت گردی کو بنیاد بنا کر گورنر راج نہیں لگ سکتا۔داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 4اکتوبر کو مارچ کی کال فی الوقت قائم ہے، آج جوائنٹ اپوزیشن کی صورت میں پی پی رہنماں سے ملے اور انھیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی، پیپلز پارٹی نے کہا کہ مشاورت کے بعد اے پی سی میں شرکت کے بارے میں آگاہ کریں گے، اے پی سی میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پر بات ہو گی، اے پی سی میں کے پی میں سیکیورٹی صورتحال اور صوبوں کے معاملے پر بھی بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کی پکڑ دھکڑ سنجیدہ معاملہ ہے، تمام جماعتوں کو متفق ہونا چاہیے کہ آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہونا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف کو جو اندیشہ ہے اسے روک دینا چاہیے، صوبائی خودمختاری پر کوئی ضرب نہیں آنی چاہیے، کے پی حکومت اس نہج پر ہے کہ ہمارے ہی وزرا کو اٹھایا جا رہا ہے، یہ حکومتی رٹ اور صوبائی خودمختاری پر بڑی قدغن ہے۔

WhatsApp
Get Alert