پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 49 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 73 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 387 روپے 54 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 402 روپے 24 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ پیٹرول کی نئی قیمتوں میں کمی کا اعلان 30 ستمبر تک کیلئے کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے سیشن بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ مشرقِ وسطی میں سپلائی متاثر ہونے کے خدشات اور امریکا ایران تنازع کو قرار دیا جا رہا ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.49 ڈالر یا 1.4 فیصد اضافے کے بعد 106.77 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 1.34 ڈالر یا 1.5 فیصد بڑھ کر 93.94 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق خطے سے خام تیل کی برآمدات میں بحالی کے کچھ اشارے سامنے آئے ہیں،
تاہم امریکا ایران تنازع اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل سے متعلق غیر یقینی صورتحال نے مارکیٹ پر دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے ایک اہم بحری راستہ ہے، اس لیے وہاں پیدا ہونے والی رکاوٹیں عالمی تیل کی قیمتوں پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہیں۔
