وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا 4 اکتوبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ ہر صورت کرنے کا اعلان

پشاور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو ہر صورت ہوگا اور پارٹی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر مطالبات تسلیم کر لیے جائیں تو تمام مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لانگ مارچ کے پہلے مرحلے میں شرکاء صوابی پہنچیں گے، جس کے بعد اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور ان کے مشیر بھی لانگ مارچ میں شرکت کریں گے۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہوا، اس لیے ایک اور اجلاس بلانے کی ضرورت نہیں۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے امکان سے متعلق سوال پر سہیل آفریدی نے کہا کہ پارٹی قیادت سے بیک ڈور رابطے ہو سکتے ہیں، تاہم وہ پارٹی پالیسی کے مطابق ہی آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 4 اکتوبر کے لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں عوام شرکت کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ شرکاء غیر مسلح اور خالی ہاتھ ہوں گے، جبکہ کسی شخص کے پاس ممنوعہ یا امن و امان میں خلل ڈالنے والی کوئی چیز پائی گئی تو اسے پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران بدامنی پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش پی ٹی آئی کی پالیسی کے خلاف تصور کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے کسی ناخوشگوار واقعے کے خدشے کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ملک کی معاشی صورتحال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مہنگائی، غربت اور بے روزگاری سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھی سوالات اٹھائے۔
سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خاندان کو بھی سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔
