عوامی مفاد کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنرز مقررہ مدت میں کام مکمل کریں: چیف سیکرٹری بلوچستان
خواتین کے مسائل کے حل کے لیے الگ کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں، سکولوں میں مسنگ فیسیلیٹیز کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی، عوامی شکایات کے ازالے، پرائس کنٹرول، زرعی انکم ٹیکس، صفائی مہم، تعلیمی سہولیات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں محکمہ مانیٹرنگ اینڈ ایویلوایشن کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں مجموعی طور پر 2,935 ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور جائزہ لیا گیا ہے، جن میں سے 1,667 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ منصوبوں پر کام جاری ہے۔ جبکہ (BSDI) پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بی ایس ڈی آئی کے تحت صوبے میں 4,052 منصوبے شامل ہیں، جن کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ زیرِ تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خواتین کے مسائل کے فوری حل اور انہیں باعزت انداز میں اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے خواتین کے لیے الگ کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضلعی سطح پر مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکولوں میں موجود مسنگ فیسیلیٹیز کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے، اس لیے سکولوں میں پانی، واش رومز، بجلی، چار دیواری اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ کانفرنس میں لوکل گورنمنٹس کی کارکردگی اور صفائی کے نظام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کی 38 لوکل کونسلز میں صفائی مہم شروع کی جا چکی ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ صفائی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے، شہری علاقوں میں صفائی کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور لوکل کونسلز باہمی تعاون سے کام کریں۔ اجلاس میں معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے۔ کومک (KUMAK) پروگرام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ معذور افراد کو سرکاری سہولیات، خدمات اور معاشرتی تحفظ تک مؤثر رسائی فراہم کی جائے اور پروگرام کے ثمرات مستحق افراد تک پہنچانے کے لیے شفاف طریقہ کار اپنایا جائے۔ انہوں نو ہدایت کی کہ بازاروں کا باقاعدگی کے ساتھ دورے کریں تاکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے تاکہ سرکاری مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی روکی جا سکے۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز حکومت اور عوام کے درمیان بنیادی رابطے کا کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے انہیں عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، صفائی کے نظام، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی اور حکومتی اقدامات کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانا ہے۔
