کوئٹہ کی اہم شاہراہوں پر غیر قانونی موٹرسائیکل و کار پارکنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا

اہم تجارتی و رہائشی علاقوں میں سڑکیں سکڑ گئیں، ٹریفک جام معمول بن گیا، متعلقہ حکام نوٹس لے کر پارکنگ ختم کرائیں: عوامی حلقے


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)صوبائی دار الحکومت کوئٹہ کے مین شاہرائوں پر غیر قانونی اور غیر آئنی موٹرسائیکل اور کار پارکنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے سیشن کوٹ کے سامنے وکلاء برادی کی جانب سے غیر قانونی پارکنگ سے گزرنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے کوئٹہ شہر کی اہم شاہراہوں اور مرکزی سڑکوں پر غیر قانونی اور بے ہنگم موٹرسائیکل و کار پارکنگ کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا ہے اعلیٰ حکام نوٹس لیکر مین شاہرائو ں پر غیر قانونی پارکنگ ختم کیا جائے ‘عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کوئٹ کے مین شاہرائیوں انسکمب روڈ، عدالت روڈ، اکرم ہسپتال کے اطراف، پٹیل روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر سڑکوں کے کناروں اور بعض مقامات پر سڑک کے بڑے حصے پر گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں کھڑی ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اہم تجارتی و رہائشی علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ کے باعث سڑکیں سکڑ کر رہ گئی ہیں، جس سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ مریضوں، بزرگوں، خواتین، طلبہ اور دیگر شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ہنگامی صورتحال میں ایمبولینس اور دیگر امدادی گاڑیوں کی بروقت آمدورفت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔شہری حلقوں نے متعلقہ انتظامیہ، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ شہر کی اہم شاہراہوں پر قائم غیر قانونی پارکنگ کے خلاف مؤثر اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے، سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات و پارکنگ سے پاک کیا جائے اور باقاعدہ پارکنگ ایریاز کا انتظام کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔شہریوں نے کہا کہ شہر کی مرکزی شاہراہیں پارکنگ اسٹینڈز میں تبدیل ہونے کے بجائے ٹریفک کی روانی اور عوامی آمدورفت کے لیے مختص رہنی چاہئیں، اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو محض اعلانات کے بجائے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert