عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی: سپیکر بلوچستان اسمبلی

چمن میں کھلی کچہری کا انعقاد، شہریوں نے نادرا، بجلی اور صفائی سمیت دیگر مسائل کے انبار لگا دیے، افسران کو فوری حل کی ہدایات جاری


چمن(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ضلع چمن سپیکر بلوچستان اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر چمن کی زیرِ صدارت کھلی کچہری، عوامی مسائل کے بروقت حل کی ہدایات* ضلع چمن میں عوامی مسائل کے براہِ راست ازالے، گورننس میں بہتری اور ترقیاتی امور کا جائزہ لینے کے لیے آج ڈی سی کمپلیکس اسمبلی ہال چمن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی اور ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے مشترکہ طور پر کی۔کھلی کچہری میں ضلع چمن کے قبائلی عمائدین، علمائے کرام، قومی مشران، معززینِ علاقہ اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہریوں نے نادرا، بجلی، بے روزگاری صفائی ستھرائی کے مؤثر نظام کے لیے گلیوں، نالیوں اور سڑکوں کی باقاعدگی سے صفائی، گندے اور کھڑے پانی کی بروقت نکاسی، کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور گلی محلوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت خصوصاً ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات کے اطراف صفائی ستھرائی کے حوالیسے تاکہ گندگی، بدبو اور آلودگی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے اور دیگر مختلف عوامی، انتظامی، ترقیاتی اور بنیادی سہولیات سے متعلق اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست سپیکر بلوچستان اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر چمن کے سامنے پیش کیں۔سپیکر بلوچستان اسمبلی اور ڈپٹی کمشنر چمن نے شرکاء کے مسائل اور شکایات توجہ اور تحمل کے ساتھ براہِ راست سنیں اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو متعدد امور کے فوری حل اور ضروری اقدامات کے لیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام ہر ممکن طور پر شہریوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔کھلی کچہری کے دوران BSDI اسکیم سمیت ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی، شہری مسائل اور دیگر اہم انتظامی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق جاری اقدامات اور پیش رفت سے اجلاس کو آگاہ کیا۔سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان براہِ راست رابطے کے ذریعے مسائل کے حل کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل اور درخواستوں پر فوری اور ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے اور جن امور کا تعلق ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ محکموں سے ہے، انہیں مقررہ مدت میں نمٹانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، چمن اسکاؤٹس، مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں عوام کی بھرپور شرکت اس امر کی عکاس رہی کہ عوامی رابطہ، شفاف طرزِ حکمرانی اور مسائل کے بروقت حل کے لیے مؤثر رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert