سعودی عرب میں شدید برف باری،تبوک میں الرٹ جاری

ریاض (قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے علاقے تبوک میں شہری دفاع کے زیراہتمام محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آنے والے چند دنوں کے دوران تبوک اور اس کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ شہری دفاع کا محکمہ برفانی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ تیز ہوائوں سے پہلے گرج چمک کے طوفان کی توقعات ہیں۔ تبوک سمیت کئی علاقوں کے کچھ حصوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ ادھر جبل اللوز اور علقان کی بلندیوں پر برف باری ہوئی ہے۔

موسمیات کے قومی مرکز نے برف باری کی تصدیق کی اور مزید بارشوں اور برف باری کی بھی پیش گوئی کی ہے۔اسی حوالے سے ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے ٹویٹرپرایک پوسٹ میں توقع ظاہر کی کہ شمالی سعودی عرب کے کچھ حصوں، الجوف، تبوک کے پہاڑی علاقوں اور مدینہ منورہ کے شمال میں برف باری کا امکان ہے۔ یہ برف باری مشرق وسطی میں مشرقی بحیرہ روم کو متاثر کرنے والے قطبی سرد ہوائوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے خبر دار کیا کہ سعودی عرب کے شمالی اور وسطی علاقوں میں سردی کی لہر میں شدت آئے گی اور ہفتے کے آخرمیں سردی اپنے عروج پر پہنچے گی۔اللوز پہاڑوں پر بارش کے ساتھ برف باری ہوئی ۔ یہ ایک موسمی رجحان میں جو تبوک کے شمالی علاقوں کو ہر سال ایسے اوقات میں سفید برف سے سجاتا ہے۔