مریم نواز کے اقدامات کا پورے ملک میں ڈنکا بج رہا ہے، عظمیٰ بخاری

کشمیر کے جنرل الیکشن اور پنجاب کے ضمنی الیکشن میں اس کا اثر نظر آیا ہے، کچھ لوگ مریم نواز سے جلتے ہیں اور کچھ ان سے سیکھتے ہیں، جو جلتے ہیں ان سے یہی کہوں گی کہ ’محنت کر، حسد نہ کر‘؛ وزیر اطلاعات پنجاب کی پریس کانفرنس


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوامی و فلاحی اقدامات کا ڈنکا پورے ملک میں بج رہا ہے، جس کا واضح ثبوت کشمیر کے جنرل الیکشن اور پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کلین سویپ کامیابیوں کی صورت میں سامنے آیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے حکومتی کارکردگی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کا ہاؤسنگ پراجیکٹ انقلابی پیش رفت کر رہا ہے، جس کے تحت 1 لاکھ 30 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ مزید 1 لاکھ گھر تیزی سے زیرِ تعمیر ہیں، اسی شاندار کارکردگی اور ہاؤسنگ پراجیکٹ کی بدولت وزیراعلیٰ مریم نواز کو عالمی ایوارڈ کے لیے بھی منتخب کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے سکیورٹی اور کرائم کنٹرول پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات اور پنجاب پولیس کی بہترین حکمتِ عملی کے باعث صوبے بھر میں جرائم کی شرح میں 70 فیصد تک ریکارڈ کمی آ چکی ہے، ماضی میں سیف سٹی پروجیکٹ صرف لاہور تک محدود تھا جسے اب پورے پنجاب میں پھیلا دیا گیا ہے، کچھ لوگ مریم نواز سے جلتے ہیں اور کچھ ان سے سیکھتے ہیں، جو جلتے ہیں ان سے یہی کہوں گی کہ ’محنت کر، حسد نہ کر‘، خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کی نقل کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے ٹھیک سے نقل بھی نہیں ہو سکی۔
صحت کے شعبے میں ہونے والی پیشرفت پر عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب کے 20 اضلاع میں جدید ترین کیتھ لیبز قائم کر دی گئی ہیں جہاں دل کے امراض کا مفت اور معیاری علاج جاری ہے اور اس سہولت کو بلا تاخیر پورے پنجاب تک وسیع کیا جائے گا، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اسی لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب کے ہر ضلع میں کینسر کے علاج کا خصوصی یونٹ قائم کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert