میں گھر میں بیٹھ کر بھارتی دعوؤں پر حیران ہورہا تھا، حوالدار آصف عرف موسیٰ

بھارتی فوج اور میڈیا کے دعوے کے بعد مجھے کالیں آنا شروع ہوگئیں، کالز میں بتایا گیا کہ مجھے بھارتی فوج نے ماردیا ہے؛ حوالدار آصف عرف موسیٰ کی ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پریس کانفرنس


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی پروپیگنڈا اور فالس فلیگ آپریشن کا پول کھولتے ہوئے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مردہ قرار دیے گئے پاک فوج کے حوالدار محمد آصف کو زِندہ سلامت میڈیا کے سامنے پیش کرکے بھارتی دعوؤوں کو عالمی سطح پر رسوا کردیا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 29 ستمبر کی رات بھارتی آرمی کور نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں ایک آپریشن کے دوران لشکرِ طیبہ کے ایک خطرناک دہشت گرد کو مار گرایا ہے جس کا نام محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ ہے، بعد ازاں بھارتی نیوز ایجنسیوں اور فوج نے باقاعدہ سروس نمبر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مارا جانے والا شخص پاکستان کی اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کا ایک سابق حوالدار تھا جس نے مقبوضہ وادی کے متعدد علاقوں میں حملے کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ان تمام بھارتی دعوؤں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے حوالدار محمد آصف کو زندہ سلامت صحافیوں کے سامنے کھڑا کردیا، اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پنڈی گھیب ضلع اٹک کے رہائشی حوالدار محمد آصف نے بتایا کہ میں بالکل زندہ ہوں، راولپنڈی میں ایک نجی سکیورٹی کمپنی میں ملازمت کر رہا ہوں اور آپ کے سامنے موجود ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ کل اچانک مجھے دوستوں اور رشتہ داروں کی کالز آنا شروع ہوگئیں کہ بھارتی میڈیا پر تمہاری شہادت کی خبریں چل رہی ہیں، جس پر مجھے شدید حیرت ہوئی، میں گھر میں بیٹھ کر دعوؤں پر حیران ہورہا تھا، میں 2023ء میں ایس ایس جی سے باقاعدہ ریٹائر ہوا تھا، اپنے ملک کی خاطر پہلے بھی لڑا ہوں اور آگے بھی تیار ہوں، بھارت کے اس بے بنیاد اور شرمناک الزام کی شدید مذمت کرتا ہوں، بھارت نے میرے ملک پر غلط الزام لگایا، میں زندہ سلامت آپ سب کے سامنے ہوں۔

WhatsApp
Get Alert