کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے دارالخلافہ وادیٔ کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں نے سرِعام 3 خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا، انہیں پکڑ کر گھسیٹا اور پولیس موبائل میں دھکیلا . کوئٹہ کے مشن روڈ پر پولیس نے قانون کی دھجیاں بکھیر دیں، مزاحمت کرنے پر پولیس کی جانب سے ایک خاتون کو اٹھا کر شدت سے موبائل میں پھینکا گیا .
لیڈی کانسٹیبل کے بغیر مرد پولیس اہلکاروں کی کارروائی کی ویڈیو وائرل ہو گئی .
اس صورتِ حال کے بعد قائد آباد تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او کو پولیس حکام نے معطل کر دیا ہے . پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ خواتین نے پکڑے جانے پر اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی .
پولیس کے مطابق ایک لڑکی والدین سے ناراض ہو کر 2 سہیلیوں کے ساتھ رہ رہی تھی، جس کے والد نے 5 جنوری کو اس کے اغواء کا مقدمہ درج کرایا تھا . والد نے بیٹی کو سہیلیوں کے ساتھ دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کی . تینوں لڑکیوں کو آج مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا .