اسلام آباد: ایم ٹو موٹروے کے قریب گاڑی سے 5 ارب 41 کروڑ مالیت کی منشیات برآمد، ملزمان فرار

چرس کے ساتھ تقریباً 100 کلو گرام پوست کے بیج بھی برآمد


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ماتحت کسٹمز انفورسمنٹ نے انسداد اسمگلنگ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
حکام کے مطابق ایم ٹو موٹروے کے قریب کارروائی کے دوران 1200 کلوگرام چرس برآمد کر کے قبضے میں لے لی گئی۔ برآمد چرس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 5 ارب 40 کروڑ روپے ہے۔
کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے خفیہ اطلاع پر 2 اکتوبر کو رات تقریباً ڈھائی بجے کارروائی کی جس کے دوران تقریباً 100 کلوگرام پوست کے بیج، آتشیں اسلحہ اور غیر کسٹمز ادا شدہ ٹویوٹا پراڈو ماڈل 2005 بھی برآمد کی گئی جسے منشیات کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے، نامعلوم ملزمان کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹنسز ایکٹ 1997 اور کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert