افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں:277ویں کور کمانڈرز کانفرنس


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیرِ صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک کی داخلی و خارجی سلامتی، دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں، قومی دفاع اور خطے کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کے آغاز میں فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ شرکائے کانفرنس نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
شرکائے کانفرنس نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ فورم نے قرار دیا کہ ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ داری طالبان کی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ مؤثر انتظامی اور گورننس اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
فورم نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب لانا ہوگا۔ عوام کے ساتھ دہشتگردی کی وجوہات اور عوامل کے حوالے سے مؤثر رابطہ کاری اور مناسب بیانیے پر بھی کام کرنا ضروری ہے۔


شرکائے کانفرنس نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے زیرِ سایہ چلنے والے کرائم۔ٹیرر گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے، جبکہ پولیس کی استعدادِ کار میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔
فورم نے قرار دیا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔ کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے قانون اور فیصلہ کن طاقت کے ذریعے بلاامتیاز اور بلاجھجھک نمٹا جائے گا۔
کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا اور اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور برہمی کا اظہار کیا۔ فورم نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔
کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حل پر بھی زور دیا گیا اور کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے فارمیشنز پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول، مؤثر تربیت اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert