کاروباری افراد کے لیے بڑی سہولت، 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے دینے کا اعلان


لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے گلابی نمک کی تیار شدہ مصنوعات کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے لیے 5 ارب روپے کی بلاسود قرض اسکیم شروع کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق گلابی نمک کی قدر میں اضافے کی مالی معاونت اسکیم کے تحت کاروباری افراد کو 5 کروڑ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ حکومت قرضوں کے سود کی مد میں 1 ارب 45 کروڑ 60 لاکھ روپے ادا کرے گی۔
مریم نواز نے اسکیم کے تحت 10 کاروباری افراد میں قرضوں کے چیک تقسیم کیے اور ہدایت کی کہ خام گلابی نمک برآمد کرنے کے بجائے پاکستان کے نام سے تیار شدہ اور برانڈ شدہ مصنوعات عالمی منڈی میں متعارف کرائی جائیں۔
حکام کے مطابق قائدآباد میں 110 ایکڑ پر نمک کی تیاری اور مصنوعات سازی کا خصوصی صنعتی مرکز قائم کیا جائے گا، جہاں 200 یونٹس لگانے کی منصوبہ بندی ہے۔ منصوبے سے 10 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بہتر تیاری، برانڈنگ اور پیکیجنگ کے ذریعے گلابی نمک کی سالانہ برآمدات میں 30 کروڑ ڈالر تک اضافہ ممکن ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ گلابی نمک پاکستان کی منفرد پیداوار ہے اور اس سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد ملک کو ملنے چاہئیں۔ انہوں نے نوجوان کاروباری افراد اور نئی کمپنیوں کو بھی اسکیم کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

WhatsApp
Get Alert