ہم 9 مئی کو دوبارہ نہ ہونے دیں گے اور نہ ہی کسی کو ایسا کرنے دیں گے، سہیل آفریدی

جس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز چُرائیں، اُسی نے 9 مئی کروایا، خود کو عقلِ کل سمجھنے والے پہلے بھی غلط تھے، آج بھی غلط ہیں، جب تک اپنی پالیسیاں تبدیل نہیں کرتے، تب تک غلط ہی رہیں گے؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا بیان


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 4 اکتوبر کو لکی مروت کے مقام پر گنڈی چوک سے احتجاجی مارچ شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور ریاستی پالیسیوں پر شدید تنقید کی اور کہا ہے کہ خود کو عقلِ کل سمجھنے والے پہلے بھی غلط تھے، آج بھی غلط ہیں اور جب تک اپنی پالیسیاں تبدیل نہیں کرتے، تب تک غلط ہی رہیں گے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے اور آئینِ پاکستان ہر شہری کو پرامن احتجاج کا بنیادی حق دیتا ہے، 4 اکتوبر کو دن ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے عوام کا سمندر اپنا سفر شروع کرے گا جو آئین، قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کی بحالی تک جاری رہے گا۔


مذاکرات کی فضا پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات مکمل طور پر آئینی اور قانونی ہیں، لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کے اہل خانہ اور کارکنوں کو ان کے جائز قانونی حقوق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے، ملک میں اس وقت جو لوگ اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں انہیں پاکستانی عوام سے خطرہ ہے اور وہ اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے ملک میں آگ لگا رہے ہیں۔
خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی کے ایشو پر کھل کر بات کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ اپنے ہی لوگوں پر ملٹری آپریشنز کرنا اور انہیں بے گھر کرنا کسی مسئلے کا مستقل حل نہیں ہے، ڈرون حملوں اور نام نہاد کولیٹرل ڈیمج سے دہشت گردی میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہوتا ہے، آج کے پی میں یہ مؤقف صرف پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ صوبائی اسمبلی کے جرگے میں ہر مکتبہ فکر اور سیاسی جماعت کے دستخط شدہ فیصلوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ رجیم چینج کے بعد جان بوجھ کر خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی دوبارہ مسلط کی گئی ہے، ہمارا خریدا ہوا اسلحہ کون ہماری پولیس تک نہیں پہنچنے دے رہا؟ ہماری پولیس بغاوت کرنے پر کیوں مجبور ہوگئی ہے؟ بلوچستان اور وفاقی حکومت ایک پیج پر ہیں تو وہاں امن کیوں نہیں آ رہا؟ 9 مئی کا واقعہ ایک سازش تھی، سی سی ٹی وی فوٹیجز چرانے والوں نے ہی وہ سب کروایا، اور اب وہ کسی کو بھی دوبارہ ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

WhatsApp
Get Alert