قلعہ عبداللہ میں نوجوان کی ہلاکت پر ضلعی انتظامیہ تاحال بے بس اور لاپروا: دہشت گردی اور سنگین جرائم میں اضافہ، عوام کے تحفظ کے لیے حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے: انجینئر زمرک خان اچکزئی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے قلعہ عبداللہ میں گزشتہ رات نوجوان ہارون پیر علی زئی کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیا ہے۔انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ نوجوان ہارون پیر علی زئی کے واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال موثر کارروائی سامنے نہیں آئی، جو باعث تشویش ہے۔ انہوں نے قلعہ عبداللہ کے عوام کی جانب سے کیے جانے والے پرامن احتجاج کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے، جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔انجینئر زمرک اچکزئی نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم کے واقعات کے باعث عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، تاہم صوبائی حکومت کو قلعہ عبداللہ کی امن و امان کی صورتحال پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert