اسلام آباد میں نواب آف بہاولپور کی فیملی کے گھر بڑی چوری
ملازم نے 2 کروڑ مالیت کے قیمتی نوادرات چرا لیے، چاندی کی تخت نُما کرسی، سونے کی پلیٹیں، مختلف مجسمے، بہاولپور ریاست کے نشان والی سونے کی اشیا، چاندی کا تاریخی فریم، پُرانی بندوقیں اور تلواریں شامل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف-8/3 میں سابق ریاست بہاولپور کے شاہی خاندان کی رہائش گاہ پر چوری کی واردات سامنے آئی ہے جہاں گھریلو ملازم نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے تقریباً دو کروڑ روپے مالیت کے قیمتی تاریخی نوادرات اور ورثے کا سامان چُرا لیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے پرنس بہاول عباس خان عباسی کے گھر پیش آیا، ملزم نے قیمتی نوادرات پر ہاتھ صاف کیا جن میں تاریخی اہمیت کی حامل نایاب اور بیش قیمت اشیاء چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، چاندی کے پیالے، سونے کی پلیٹیں اور مختلف نایاب مجسمے، ریاستِ بہاولپور کے شاہی نشان والی سونے کی اشیا اور چاندی کا تاریخی فریم، تاریخی نوعیت کی پرانی بندوقیں اور تلواریں شامل ہیں۔
مارگلہ تھانے کے انچارج محمد عمران نے عرب نیوز کو بتایا کہ چوری کے اس واقعے میں ملوث مرکزی گھریلو ملازم کو گرفتار کر کے اس سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم پولیس نے تاحال یہ ظاہر نہیں کیا کہ آیا چوری شدہ تمام سامان برآمد کر لیا گیا ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب دارالحکومت میں حالیہ دنوں کے دوران چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ دیکھا گیا ہے، رواں ہفتے پیش آنے والے آٹھ مختلف واقعات میں نقدی، قیمتی اشیا اور تاریخی ورثے سمیت تین کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان چوری ہو چکا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ بڑھتے ہوئے جرائم کے پیشِ نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز، گاڑیوں کی سخت تلاشی اور مانیٹرنگ کا عمل مزید تیز کر دیا ہے، جبکہ رواں سال کے آغاز سے گاڑیوں پر الیکٹرانک ٹیگ یعنی ایم ٹیگ لگانے کا فیصلہ بھی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔
