مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ کے زائرین کے لیے فاسٹ ٹریک بس روٹ 300 متعارف

مدینہ منورہ(قدرت روزنامہ) مدینہ بس سروس نے زائرین اور شہریوں کی سہولت کے لیے نیا فاسٹ ٹریک روٹ 300 متعارف کرا دیا ہے، جو حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے اسٹیشن کو مسجد نبویؐ کے قریب مرکزی بس اسٹیشن سے براہِ راست منسلک کرے گا۔
نئے روٹ کے ذریعے جدہ اور مکہ مکرمہ سے ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچنے والے مسافروں کو ریلوے اسٹیشن سے مسجد نبویؐ کے قریبی علاقے تک براہِ راست سفری سہولت میسر ہوگی۔
مدینہ ریجن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے زائرین اور شہریوں کے لیے عوامی ٹرانسپورٹ کی سہولیات بہتر بنانے کی کوششوں کے تحت یہ نیا روٹ متعارف کرایا ہے۔
فاسٹ ٹریک روٹ 300 کے آغاز سے حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے کے ذریعے مدینہ منورہ آنے والے مسافروں کے لیے مسجد نبویؐ تک رسائی مزید آسان اور سہل ہوجائے گی۔
مدینہ بس سروس رمضان المبارک اور حج سیزن سمیت ان مصروف اوقات میں خصوصی اہمیت رکھتی ہے جب بڑی تعداد میں زائرین اور مسافر مدینہ منورہ کا رخ کرتے ہیں۔
نئے بس روٹ کا مقصد زائرین کے لیے سفر کو زیادہ آسان بنانا، پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مؤثر بنانا اور شہر میں بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
