سہیل آفریدی کی نااہلی کی واحد وجہ عمران خان سے وفاداری ہوگی، جنید اکبر کا ردعمل
اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے، عمران خان کے وفاداروں کے خلاف فیصلے آنے کے بعد سب کو اس سسٹم سے نکلنا ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء کا بیان

پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف خیبرپختونخواہ کے صدر اور سینئر رہنما و رکنِ قومی اسمبلی جنید اکبر کی جانب سے جاری کردہ ایک انتہائی سخت بیان نے ہلچل مچا دی، جس میں انہوں نے پارٹی قیادت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے انتباہ جاری کردیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں جنید اکبر نے دعویٰ کیا ہے کہ 8 اکتوبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، تاہم اس کے ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کے اندر موجود مبینہ مفاد پرست عناصر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جو قیادت بانی چیئرمین عمران خان کے بیانیے اور نظریے کے ساتھ نہیں چل سکتی، وہ مہربانی کر کے خود ایک طرف ہو جائے اور دوسروں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے۔
ان شاء اللہ 8 اکتوبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ جو قیادت خان صاحب کے بیانیے کے ساتھ نہیں چل سکتی، وہ مہربانی کرکے ایک طرف ہو جائے اور دوسروں کو آگے بڑھنے کا موقع دے۔
پارٹی کے کارکنان ان تمام قیادت پر نظر رکھیں جو صرف خانہ پُری کر رہی ہے، ان کی نشاندہی کریں اور آئندہ کے لیے ان کے ٹکٹوں اور عہدوں کی مخالفت کریں۔پارٹی میں مزید یہ نہیں چلے گا کہ کچھ لوگ جیلوں میں ہوں، کچھ ہر روز ایف آئی آرز اور نااہلیوں کا سامنا صرف خان صاحب سے وفاداری کی وجہ سے کر رہے ہوں، جبکہ کچھ لوگ نہ کارکنان کا بوجھ اٹھائیں اور نہ ہی خان صاحب کے نظریے کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہوں۔
سہیل آفریدی صاحب کی نااہلی کی واحد وجہ عمران خان صاحب سے وفاداری ہوگی۔ اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ خان کے وفاداروں کے خلاف فیصلے آنے کے بعد سب کو اس سسٹم سے نکلنا ہوگا۔
— Junaid Akbar (@JunaidAkbarMNA) October 5, 2026
جنید اکبر نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ ایسی تمام قیادت پر گہری نظر رکھیں جو صرف خانہ پُری کر رہی ہے، ایسے افراد کی نشاندہی کریں اور مستقبل میں ان کے ٹکٹوں اور پارٹی عہدوں کی بھرپور مخالفت کریں، پارٹی میں اب یہ دوغلا پن مزید نہیں چلے گا کہ ایک طرف کچھ لوگ طویل جیلیں کاٹ رہے ہیں، روزانہ مقدمات اور نااہلیوں کا سامنا صرف عمران خان سے وفاداری کی پاداش میں کر رہے ہیں، دوسری طرف کچھ نام نہاد رہنما نہ تو کارکنان کا بوجھ اٹھانے کو تیار ہیں اور نہ ہی عمران خان کے نظریے کا بوجھ اٹھا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ سہیل آفریدی کی نااہلی کی واحد وجہ صرف عمران خان سے ان کی غیر مشروط وفاداری ہو گی، اور اب اس طرح کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، عمران خان کے وفاداروں کے خلاف کسی بھی قسم کے ناانصافی پر مبنی فیصلے آنے کے بعد تمام رہنماؤں کو اس کرپٹ سسٹم سے باہر نکلنا ہوگا۔
