جیٹور ایکس 70 پلس اور ڈیشنگ کے خریداروں کے لیے بڑی سہولت متعارف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) نے گاڑی خریدنے کے خواہشمند صارفین کے لیے نئی فنانسنگ پیشکش متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت جیٹور کے دو جدید ماڈلز پر ایک سال کے لیے صفر فیصد مارک اپ کے ساتھ کار فنانسنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
محدود مدت کی اس اسکیم کے تحت صارفین زیادہ سے زیادہ 30 لاکھ روپے تک کی گاڑی فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔ بینک کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ایک سال کی مدت کے لیے فنانسنگ پر کوئی مارک اپ عائد نہیں ہوگا۔
اگر صارفین فنانسنگ کی مدت دو سال تک رکھنا چاہیں تو انہیں 8 فیصد جبکہ تین سالہ پلان کی صورت میں 10 فیصد مارک اپ ادا کرنا ہوگا۔
اس پیشکش کا مقصد ابتدائی ایک سال کے دوران گاڑی خریدنے والوں کے مالی بوجھ کو کم کرنا اور انہیں نسبتاً آسان شرائط پر فنانسنگ فراہم کرنا ہے۔
اس آفر میں جیٹور کے دو ماڈلز ایکس 70 پلس اور ڈیشنگ شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق ایکس 70 پلس کی قیمت 82 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر ہے، جبکہ جیٹور ڈیشنگ 78 لاکھ 99 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔
دلچسپی رکھنے والے صارفین جیٹور پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ یا ہیلپ لائن 92+ 304 1112 777 پر رابطہ کرکے اپنی تفصیلات فراہم کرسکتے ہیں، جس کے بعد کمپنی کی ٹیم مزید کارروائی کے لیے صارف سے براہ راست رابطہ کرے گی۔
پاکستان کی آٹو انڈسٹری گزشتہ کچھ عرصے کے دوران مہنگائی، روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور شرح سود میں اضافے جیسے عوامل کے باعث مشکلات کا سامنا کرتی رہی ہے۔ مہنگی آٹو فنانسنگ کے نتیجے میں نئی گاڑیوں کی فروخت بھی متاثر ہوئی ہے۔
موجودہ معاشی صورتحال میں جہاں عام بینکنگ فنانسنگ کا مارک اپ تقریباً 20 فیصد کے قریب رہا ہے، ایسے میں بینک اور آٹو مینوفیکچررز کی جانب سے کم شرح یا صفر فیصد مارک اپ کی پیشکشیں صارفین کو راغب کرنے کی ایک کوشش سمجھی جارہی ہیں۔
اگرچہ اس اسکیم میں 30 لاکھ روپے کی فنانسنگ کی حد گاڑی کی مجموعی قیمت کے نصف سے بھی کم ہے، تاہم یہ ان صارفین کے لیے سہولت فراہم کرسکتی ہے جو بڑی ابتدائی رقم ادا کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں اور باقی رقم کی ادائیگی پر زیادہ مارک اپ سے بچنا چاہتے ہیں۔
ایک سال کے لیے صفر فیصد جبکہ دو اور تین سال کے لیے بالترتیب 8 اور 10 فیصد مارک اپ کی پیشکش موجودہ معاشی حالات میں گاڑی خریدنے کے خواہشمند صارفین کے لیے فنانسنگ کے ایک متبادل کے طور پر سامنے آئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert