اگر اپنی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو میں یہ ناسمجھی بار بار کروں گا، سہیل آفریدی

اسٹیبلشمنٹ کا کارندہ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتا ہے کہ میں ناسمجھ ہوں، ملک سے محبت ناسمجھی ہے تو میں ایسی سمجھداری پر لعنت بھیجتا ہوں، ہم ہر اس پالیسی سے باغی ہیں جو عوام کے مفاد میں نہ ہو؛ لانگ مارچ سے خطاب


کرک(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخواہ کے وزیرِاعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے کسی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، عمران خان اس وقت عوام کے لیے جیل میں صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں اور وہ حقیقی آزادی کی یہ جنگ آخری دم تک لڑیں گے۔
کرک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج لانگ مارچ کے دوسرے دن کا آغاز ہو رہا ہے اور ہم کوہاٹ کی جانب روانہ ہوں گے، اسٹیبلشمنٹ کا کارندہ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتا ہے کہ میں ناسمجھ ہوں، اگر اپنی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو میں یہ ناسمجھی بار بار کروں گا، اور اگر ملک سے محبت ناسمجھی کہلاتی ہے تو وہ ایسی نام نہاد سمجھداری پر لعنت بھیجتے ہیں، جو جس ادارے کا کام ہے وہ نہیں کر رہا، عدالتیں انصاف نہیں کر رہیں، پولیس ذاتی نوکر بنی ہوئی ہے، فوج ملک میں امن و امان کے علاوہ باقی تمام کام کر رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے فوجی جوان ہمارے وجود کا اٹوٹ حصہ ہیں، لیکن ہم ہر اس پالیسی سے باغی ہیں جو عوام کے مفاد میں نہ ہو، کیونکہ وہ پورے ملک میں اس فرسودہ سسٹم کے خلاف شدید نفرت دیکھ رہے ہیں اور حکومت کو ہر حال میں ان کے جمہوری مطالبات ماننا ہوں گے، ہم نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ آباد نہ کیا جائے، ورنہ خیبرپختونخواہ ایک بار پھر لہولہان ہوگا، آج حالات قابو سے باہر ہوئے تو ایک بار پھر خیبرپختونخواہ حکومت پر ملٹری آپریشن کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ خیبرپختونخواہ میں دوبارہ دہشت گردی مسلط کرنا ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے جس کے نتیجے میں خون بہے گا، لوگ بے گھر ہوں گے، کاروباری مراکز تباہ ہوں گے، ڈرون حملے کیے جائیں گے اور اس سب کا مقصد صرف ملٹری آپریشن کی راہ ہموار کرنا ہے، میں عمران خان کا کھلاڑی ہوں، اور جس طرح ہمارے قائد نے دنیا کے طاقتور ملک امریکہ کو ایبسلوٹلی ناٹ بولا تھا، بالکل اسی طرح میں نے بھی طاقتوروں کو ایبسلوٹلی ناٹ’ کہہ دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert