ہر مسئلہ کیل نہیں اور ہر مسئلے کا حل ہتھوڑا نہیں، اسد عمر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ہر مسئلہ کیل نہیں اور ہر مسئلے کا حل ہتھوڑا نہیں، بہت سے بےگناہ پختونوں کا خون بہہ چکا اور بہت سے فوجی جوانوں اپنی جان نچھاور کرچکے، وزیرداخلہ 72 گھنٹوں کی دھمکی کی بجائے مشران کے ساتھ بیٹھی، خدارا! اس ملک کے لوگوں کی زندگیوں پر سیاست نا کریں۔
ایکس پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی پر کسی صورت سمجھوتہ ممکن نہیں۔ اس کے لئے نومبر 2025 میں پختون خواہ کے مشران کا جرگہ ہوا اور مکمل اتفاق رائے سے اعلامیہ جاری ہوا۔ اس جرگہ میں صوبائی حکومت کے علاوہ مسلم لیگ، پیپلزپارٹی، جے یو آئی، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، اور صوبے کی تمام پارٹیاں موجود تھیں اور اعلامیہ پر ان کے نمائندوں نے دستخط کئے۔
اعلامیہ بنیاد ہونا چاہئے دہشتگردی ختم کرنے کی کاوش کا۔ وزیر داخلہ 72 گھنٹوں کی دھمکی کے بجائے ان تمام مشران کے ساتھ بیٹھیں۔ سب سے پہلے جائزہ لیں کہ اعلامیہ کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اپنی ذمہ داری پوری کی؟ جس کی بھی کوتاہی ہو اس کی سرزنش کی جائے۔ اگر وفاق کو اس اعلامیہ کے کسی پہلو پر تحفظات ہیں، یا کوئی اضافی اقدام چاہتے ہیں تو مشران کو قائل کرے۔
ہر مسئلہ کیل نہیں اور ہر مسئلے کا حل ہتھوڑا نہیں۔ اس قوم کا اور خاص طور پر بے گناہ پختونوں کا پہلے ہی بہت خون بہہ چکا ہے اور بہت سے فوجی جوان اور افسر دہشتگردی سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنے جان نچھاور کر چکے۔ اس قوم کے ماں باپ اپنے بچوں کی لاشیں دفناتے تھک گئے ہیں۔ اور بہت معاملات ہیں سیاست کرنے کو۔ خدارا اس ملک کے لوگوں کی زندگیوں پر سیاست نا کریں۔
اسی طرح سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی سالگرہ پر اپنے بیان میں کہا کہ 20سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹر، چالیس سال کی عمر میں ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان اور تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ، پچاس سال کی عمر میں کینسر ہسپتال بنایا ، ساٹھ سال کی عمر میں پاکستان کے مقبول ترین سیاستدان،ستر سال کی عمر تک وزیر اعظم اوراب جب 74برس کے ہوئے ہیں تو دنیا میں سب سے زیادہ زیر بحث قیدی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert