اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے
کسی شاہانہ پروٹوکول کے بغیر انتونیوگوتریس عام مسافروں کی طرح اپنا ٹرالی بیگ خود لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ سے باہر آئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے، اس دورے کے دوران ان کی ایک سادگی اور عاجزی پر مبنی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، جس نے روایتی شاہانہ پروٹوکول کے حامل سیاسی و سرکاری حلقوں پر سوالات اٹھا دیئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور ویڈیوز کے مطابق جب اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچے تو انہوں نے کسی بھی قسم کے بھاری بھرکم پروٹوکول یا عملے پر انحصار کرنے کے بجائے اپنا ٹرالی بیگ خود اٹھایا اور مسکراتے ہوئے ایئرپورٹ لاؤنج سے باہر روانہ ہوئے، دنیا کی سب سے بڑی عالمی تنظیم کے سربراہ، جن سے دنیا بھر کے صدور، وزرائے اعظم اور وزرائے خارجہ ملاقاتیں کرتے ہیں، ان کا یہ انتہائی انکساری والا انداز دیکھ کر ایئرپورٹ پر موجود لوگ بھی دنگ رہ گئے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اسلام آباد پہنچ گئے
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان کا سرکاری دورہ 6 سے 8 اکتوبر تک ہوگا
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچے
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی اسلام آباد آمد پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے استقبال کیا— Siddeeq Sajid (@S_SajidOfficial) October 6, 2026
اس سادگی کو پاکستان کے سیاسی و سماجی حلقوں میں انتہائی حیرت اور تحسین کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، جہاں عام طور پر چھوٹے درجے کے حکام یا مقامی شخصیات بھی شان و شوکت اور بھاری پروٹوکول کو اپنی شان کا مظہر سمجھتی ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتونیو گوتریس کا یہ عمل ان تمام اشرافیہ اور رہنماؤں کے لیے ایک عملی سبق ہے جو معمولی عہدوں پر فائز ہو کر بھی پروٹوکول کے حصار میں رہنا پسند کرتے ہیں، دنیا کے سب سے با اثر عہدے پر فائز ہونے کے باوجود ان کا یہ عاجزانہ طرزِ عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ عظمت پروٹوکول کی محتاج نہیں بلکہ عاجزی اور سادگی میں اصل کمال ہے۔
