آپ کا فون پرانا ہے؟ واٹس ایپ جلد “لاگ ان” ہی نہیں ہونے دے گا!

نیویارک(قدرت روزنامہ)اگر آپ کئی سال پرانا اسمارٹ فون استعمال کر رہے ہیں تو یہ خبر آپ ہی کے لیے ہے ، بہت جلد ایک صبح آپ واٹس ایپ کھولیں گے اور سامنے ایک وارننگ ہوگی، اور اسے نظرانداز کر کے آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق میٹا پرانے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے فونز میں واٹس ایپ لاگ ان بلاک کرنے کی تیاری کر رہی ہے، یہ وارننگ ایپ کے پرانے ورژن کے بارے میں نہیں بلکہ فون کے آپریٹنگ سسٹم کے بارے میں ہوگی یعنی سسٹم اپ ڈیٹ کیے بغیر واٹس ایپ نہیں چلے گا، اور اگر فون اپ ڈیٹ ہی نہیں ہو سکتا تو نیا فون خریدنا پڑے گا۔
اب تک سپورٹ ختم ہونے کے باوجود صارفین میسجز بھیج سکتے تھے، مگر نئی اپ ڈیٹ کے بعد ایسا ممکن نہیں رہے گا۔
رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کون سے آپریٹنگ سسٹمز متاثر ہوں گے۔ تاہم کمپنی حال ہی میں اینڈرائیڈ 5.0 اور 5.1 کی سپورٹ ختم کر کے اینڈرائیڈ 6 کو لازمی قرار دے چکی ہے۔
آئی فونز کے لیے 30 نومبر 2026 سے آئی او ایس 15.5 درکار ہوگا۔ امکان ہے کہ وارننگ ان سے پرانے ورژنز والے فونز کو دکھائی دے گی۔
اس پابندی کا اطلاق کب سے ہوگا، یہ فی الحال واضح نہیں۔
آپ کیا کریں؟ اپنے فون کی سیٹنگز میں جا کر آپریٹنگ سسٹم کا ورژن چیک کریں اور اپ ڈیٹ دستیاب ہو تو فوراً انسٹال کر لیں۔
