صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی آج اہم ملاقات متوقع، قومی امور پر غور ہوگا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان آج ایوان صدر میں اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں ملکی صورتحال اور اہم قومی معاملات پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور بالخصوص خیبر پختونخوا کی سیاسی و انتظامی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کے درمیان ملک کو درپیش چیلنجز اور دیگر اہم قومی امور پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ سمیت ممکنہ آئینی آپشنز بھی زیر غور آ سکتے ہیں۔
ملاقات میں اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی تجویز، بالخصوص پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ بات چیت کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔ اپوزیشن کے احتجاج اور دیگر سیاسی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے حکومت کی مشترکہ حکمت عملی بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں ملکی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال، خصوصاً خیبر پختونخوا کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان ایک روز قبل لاہور میں بھی ملاقات ہوئی تھی، جبکہ تازہ ملاقات کی اطلاعات حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی مبینہ ناکامی کے بعد سامنے آئی ہیں۔
متوقع ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے حکومتی لائحہ عمل سے متعلق اہم امور پر مشاورت کیے جانے کا امکان ہے۔
