سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا غیر مؤثر نہیں کیا جاسکتا، صدر مملکت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا غیر مؤثر نہیں کیا جا سکتا۔
ایوانِ صدر میں تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر آصف علی زرداری نے یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو “نشانِ امتیاز” سے نوازا۔
اس تقریب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف ، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔
انتونیو گوتریس کا پاکستان کا اعلیٰ قومی اعزاز ملنے پر شکریہ ادا کیا جب کہ صدر مملکت نے یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں عالمی امن، مکالمے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی کو ہتھیار یا سیاسی دباؤ کے ذرائع کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے، پائیدار امن کے لیے تمام دیرینہ تنازعات بالخصوص جموں و کشمیر کے تنازعے کا حل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام اور ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، پاکستان کو افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد گروہوں کی جانب سے مسلسل دہشتگردی کا سامنا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا کوئی متبادل نہیں۔

WhatsApp
Get Alert