کراچی: مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری زخمی، ملزمان ایک کروڑ 30 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

کراچی(قدرت روزنامہ)گلشن اقبال نیپا پل کے قریب مسلح ڈاکو شہری کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے کے بعد مبینہ طور پر ایک کروڑ 30 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع زخمی نے اسپتال پہنچ کر دی۔ متاثرہ شہری موٹر سائیکل پر ایک کروڑ 30 لاکھ روپے رقم لے کر جا رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گلشن تھانے کی حدود میں پیش آیا یا عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں اس حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں، دونوں ہی تھانوں کی نفری کو موقع پر بھیجا گیا ہے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے فوری اور خصوصی اقدامات کیے جائیں، واقعے کی تفتیش میں پیش رفت سے مسلسل آگاہ کیا جائے اور ملزمان کی گرفتاری تک کیس کی نگرانی اعلیٰ سطح پر جاری رکھی جائے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز، تکنیکی شواہد اور دیگر دستیاب ذرائع کی مدد سے ملزمان کی شناخت یقینی بنائی جائے، ملزمان کی شناخت اور گرفتاری میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
