ہماری خواہش ہے خیبرپختونخواہ میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو، وزیراعظم

صوبے کے عوام کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، خیبر پختونخواہ میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا؛ شہباز شریف کی امیر مقام سے ملاقات میں گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری خواہش ہے خیبرپختونخواہ میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ایک اہم ملاقات کی ہے، جس میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی امور اور مجموعی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ہدایت کی کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کیونکہ وہاں کے عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
خیبر پختونخواہ میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، ہماری پرخلوص خواہش ہے کہ خیبرپختونخواہ کے عوام بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی و خوشحالی کے ثمرات سے مستفید ہوں، ریاست خیبر پختونخواہ کے غیور عوام کی دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی لازوال قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert