رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملک کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 9 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا
کراچی(قدرت روزنامہ) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملک کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 9 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا . وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان نے رواں مالی کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 9 ارب 38 کروڑ ڈالر سے زائد کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی ہیں .
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 7 ارب 44 کروڑ ڈالر کی ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کی گئی تھیں .
اس طرح رواں مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے . اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران تیار ملبوسات کی برآمدات میں 23 فیصد، ہوزری مصنوعات میں 35 فیصد، بیڈ شیٹس کی برآمد میں 19 فیصد اور تولیوں کی برآمدات میں ساڑھے 17 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے .
اسی طرح قالین، غالیچوں اور پایدان کی برآمدات میں بھی 14 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے .
ماہرین کے مطابق ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں . جن میں سے روپے کی قدر میں کمی، ٹیکسٹائل شعبے میں استعمال ہونے والی درآمدی اشیا کی ڈیوٹیز میں کمی، بروقت ریفنڈنگ اور کیش سبسڈیز جیسے عوامل شامل ہیں . ایک جانب جب پاکستانی برآمد کنندگان کو آرڈرز مل رہے ہیں تو دوسری جانب ایکسپورٹرز ملک میں حالیہ گیس بحران پر ان برآمدی آرڈرز کو پورا کرنے کے حوالے مخمصے کا شکار ہیں .
. .