کرک میں پولیس پر فائرنگ سے ایس ایچ او گن مین سمیت شہید

پشاور(قدرت روزنامہ)کرک میں پولیس پر فائرنگ سے ایس ایچ او بانڈہ داؤد شاہ داؤد خان اور گن مین شہید ہوگیا۔
ڈی پی او کرک عمران خان کے مطابق تھانہ بانڈہ داؤد شاہ کی پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ کوہاٹ اور کرک کی باؤنڈری کے قریب نیو کڑپہ کے مقام پر مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ بانڈہ داؤد شاہ داؤد خان اور ان کا گن مین فرہاد شہید ہوگئے جب کہ ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا۔
ڈی پی او نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
