صومالیہ میں بحری قزاقوں کے حملے میں محفوظ 3 پاکستانی ارکان کراچی پہنچ گئے


کراچی (قدرت روزنامہ)صومالیہ میں بحری قزاقوں کے حملے میں محفوظ 3 پاکستانی ارکان غیر ملکی ائیرلائن کے ذریعے کراچی پہنچ گئے۔
صومالی قزاقوں کی قید سے رہائی پانے والے تینوں پاکستانی ایتھوپین ائیر لائن کے ذریعے کراچی پہنچ گئے۔گورنرسندھ نہال ہاشمی،میئرمرتضیٰ وہاب نےکراچی ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
رہائی پانے والے کریو ممبران میں سیکنڈ انجینیئر حسین یوسف، عمران علی اور محمد یاسین شامل ہیں۔ وطن واپسی پر اہل خانہ نے بہت جذباتی انداز میں اپنے پیاروں کا استقبال کیا۔
وطن پہنچنے والے ارکان کا کہنا تھا کہ قید کے دن ان کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں تھے، رہائی پر اللّہ کے شکر گزار ہیں۔
اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ بحری قزاقی کے واقعے میں جاں بحق عملے کے3 ارکان کے اہل خانہ اور زخمیوں سمیت زندہ بچ جانے والے تمام 7 ارکان کے لیے حکومت کے اعلان کردہ امدادی پیکیج پر عمل درآمد جلد کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رہائی پانے والے 2 کریو ممبران کا تعلق کراچی اور ایک کا تعلق سوات سے ہے۔

WhatsApp
Get Alert