بنگلا دیشی اداکارہ کی بوری بند لاش برآمد

بنگلادیش(قدرت روزنامہ)لاپتہ بنگلا دیشی اداکارہ رائما اسلام شمو کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے جس کے بعد اداکارہ کے شوہر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیشی اداکارہ رائما اسلام شمو کی بوری بند لاش ڈھاکا کے علاقے کیرانی گنج میں ایک پل کے قریب پائی گئی۔پولیس نے بتایا کہ کیرانی گنج کے مقامی افراد نے پولیس کو بوری بند لاش کی برآمد ہونے کی اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق بنگلا دیشی اداکارہ رائما اسلام شمو کو بےدردی سے قتل کیا گیا کیونکہ اُن کی لاش پر زخموں کے بہت زیادہ نشانات موجود تھے۔بنگلادیشی اداکارہ کے لاپتہ ہونے کے بعد اُن کے رشتہ داروں نے اتوار کو پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔
ایک اعلیٰ پولیس اہلکار نے بتایا کہ اداکارہ کے شوہر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور وہ 3 روزہ ریمانڈ پر ہیں۔دوسری جانب اداکارہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ 45 سالہ اداکارہ رائما اسلام شمو نے سال 1998 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، وہ تقریباََ 25 فلموں اور متعدد ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔