کوئی رکاوٹ دھمکی یا جبر عوام کے جمہوری حقوق کی آواز کو دبا نہیں سکتا، قاسم خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں ان کے خاندان کو درپیش مشکلات اور ملک کی سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر قاسم خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میری پھوپھیاں تاحال لاپتہ اور جبری اغواء کا شکار ہیں، خاندان یا وکلاء کو ان کی خیریت یا گرفتاری کی وجوہات کے حوالے سے کوئی بھی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں، ہمارے والد عمران خان کے بارے میں مکمل خاموشی طاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا اور میرا بھائی گزشتہ 6 ماہ سے زائد عرصے سے ان سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کرسکے، یہاں تک کہ ہمیں اپنے والد کی صحت کی درست حالت کا بھی کوئی علم نہیں، ملک میں ہزاروں پاکستانی بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی غیر قانونی اور سیاسی طور پر متاثرہ قید کے خلاف پُر امن طور پر سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں۔
عمران خان کے صاحبزادے نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہار نہیں مانی اور کوئی بھی رکاوٹ، دباؤ یا جبر عوام کے انصاف کے مطالبے اور ان کے جمہوری حقوق کی آواز کو دبا نہیں سکتا، جب تک عوام کی جمہوری مرضی کو دبایا جاتا رہے گا اور ان کے منتخب رہنماء کو سلاخوں کے پیچھے رکھا جائے گا، ملک میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام ناممکن ہے۔

WhatsApp
Get Alert