ضرورتِ رشتہ کا اشتہار دینے والے برطانوی مسلمان نوجوان کیلئے رشتوں کی لائن لگ گئی

لندن (قدرت روزنامہ) رشتہ کا اشتہار دینے والے پاکستانی نژاد برطانوی مسلمان کیلئے رشتوں کی لائن لگ گئی۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مقیم ایک مسلمان نوجوان نے پسند کی شادی اور اہلیہ کی تلاش کیلئے ایسا انوکھا طریقہ اختیار کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں مشہور ہوگیا ، لندن میں مقیم محمد مالک نامی نوجوان نے اپنے جیون ساتھی کی تلاش کیلئے شہر بھر میں بل بورڈز لگوا دیے، نوجوان نے بل بورڈ پر اپنی تصویر آویزاں کی اور ساتھ میں لکھا “مجھے ارینج میرج سے بچا لو”۔محمد مالک نے بل بورڈ پر ایک ویب سائٹ کا پتہ بھی درج کیا جس میں انہوں نے خود سے متعلق تمام معلومات فراہم کی تھیں ، محمد مالک نے اپنے ہی نام سے بنائی گئی ویب سائٹ میں لکھا کہ انہیں اہلیہ کے روپ میں ایک ایسی ساتھی کی ضرورت ہے

جو مسلمان ہو اور اپنی روایات اور مذہب پر اچھے طریقے سے عمل کرنا جانتی ہو ، چوں کہ میں اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہوں اس لیے میری اہلیہ کو میرے والدین کا بھی خیال رکھنا ہوگا ، لڑکی ڈھونڈنے کیلئے اس انوکھے طریقے کو اختیار کرنے کے حوالے سے محمد مالک نے بتایا کہ چونکہ وہ رشتہ ڈھونڈنے کے روایتی طریقے سے تنگ آ گئے تھے، اس لیے انہوں نے ایسا مختلف طریقہ اختیار کیا۔اب معلوم ہوا ہے کہ اشتہار وائرل ہونے کے بعد محمد مالک سے کئی فیملز رابطے میں ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے ، اس ضمن میں مالک کا کہنا ہے کہ جس طرح شادی کے لیے پیغامات موصول ہو رہے ہیں ، اس سے امید ہو گئی ہے کہ کام بن جائے گا اور پسند کی دلہن جلد مل جائے گی۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ نوجوان کو یہ خیال کہیں اور سے نہیں بلکہ ان کے اپنے والد سے ملا جنہوں نے اپنی شریک حیات ڈھونڈنے کے لیے اخبار کا سہارا لیا تھا ، جس کے بعد سے محمد ملک بھی مانچسٹر ، لندن اور برمنگھم میں اشتہارات کے ذریعے ممکنہ شریکِ حیات کو متوجہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔